اوکاڑہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی وزیراطلاعات سید پیر صمصام علی شاہ بخاری نے کہاہے کہ حکومت پر الزام وہ لگائے جس کا اپنا دامن صاف ہو ،کرپشن کے الزامات سے داغدار سیاستدان کس منہ سے حکومت کونااہل قرار دے رہے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہو ں نے تحریک انصاف اوکاڑہ کے کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،رانا فہدایڈووکیٹ،میاں نعمان انوارایڈووکیٹ،ذیشان رحمت جٹ ایڈووکیٹ،عبداﷲ یاور ایڈووکیٹ ودیگر کارکن موجودتھے ،سید پیر صمصام علی شاہ بخاری نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ملکی استحکام اور عوامی خوشحالی کاایجنڈا لے کرآئے ہیں،وزیر اعظم عمران خان متعد د بار عندیہ دے چکے ہیں کہ جو پر وفارمنس نہیں دکھائے گااسے عہدہ چھوڑنا پڑے گا ۔کابینہ میں ردوبدل حکومت کااندرونی معاملہ ہے ،تحریک انصاف کے قائدین سے لے کر ادنیٰ کارکن تک وطن کی محبت کے جذبے سے سرشار ہے ، سب متحد ہیں حکومتی صفوں میں درڑایں ڈالنے کی سوچ رکھنے والے مایوس ہوں گے ۔عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔