وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاک ڈائون متاثرین کو ریلیف پہنچانے کے لئے 10ارب روپے مختص کیے ہیں۔ انصاف امداد پیکیج کے تحت درخواستیں آن لائن بھیجی جاسکیں گی۔ کوائف کی تصدیق کے بعد 25لاکھ خاندانوں کو 4ہزار روپے ادا کئے جائیں گے۔سیلاب متاشرین سے لے کر زلزلہ زدگان اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تک جب بھی حکومتوں نے غریبوں اور متاثرین کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا تو وہ امدادبااثر سیاسی رہنمائوںکے اردگرد موجود افراد یا پھر سرکاری ملازمین نے خود ہی آپس میں بندر بانٹ کر لی جس کے باعث امداد مستحقین تک نہ پہنچ پائی۔ سیلاب اور زلزلہ متاثرین کے لئے آنے والی رقم اور تحائف سیاسی اشرافیہ نے خود میں بانٹ لیے تھے لیکن موجودہ حکومت نے غریب و مستحق افراد کے لئے گھر بیٹھے امداد کے حصول کا طریقہ کار متعارف کروایا ہے۔ اس سلسلے میں نہ تو فنڈز میں خرد برد ہو گی نہ ہی اشرافیہ اور سیاسی رہنما اپنے چہیتوں میں امداد کو تقسیم کر سکیں گے۔ عوام کو دفاتر کے چکربھی نہیں لگانے پڑیں گے اور سفارش کے بغیر مستحقین کو امداد مل سکے گی۔ سات اپریل تک امداد کے مستحقین اپنے کوائف 8070پر بھیج دیں تاکہ حکومت کوائف کی انکوائری کر کے مستحقین کو جلدازجلد امدادی رقم کی ترسیل کر سکے۔ سوشل میڈیا پر کئی افراد خود کو حکومتی نمائندہ ظاہر کر کے مشکل حالات میں عوام کو لوٹ رہے ہیں اس لئے قانون نافذ کرنے والے افراد ایسے فراڈیوں کا محاسبہ کریں تاکہ عوام محفوظ رہ سکیں۔