لاہور (صباح نیوز)ُُُ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کے سیلاب کے آگے بند باندھنے کے لئے اعلانات کی بجائے عملی اقدامات بھی اٹھائے ،مندی کے رجحان کی وجہ سے چھوٹے تاجر وں کا کاروبارختم ہو رہا ہے جس سے بیروزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے ، حکومت بڑی انڈسٹری پر توجہ دینے کے ساتھ چھوٹے کاروباری طبقے کے مسائل کو بھی حل کر ے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں انار کلی سمیت مختلف تجارتی مراکز کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہاکہ کاروبار میں شدید مندی کا رجحان ہونے کی وجہ سے تاجر وں کے لئے اخراجات پورے کرنا محال ہو گیا ہے اور وہ کاروبار سمیٹ کر دکانیں واپس کر رہے ہیں جو انتہائی خطرناک رجحان ہے ۔ اس کی سب سے بڑی وجہ معاشی سر گرمیاں منجمد ہونا اور مہنگائی کی وجہ سے عوام کا قوت خرید ختم ہونا ہے ۔ حکومت فی الفور مہنگائی میں کمی کے لئے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کی قوت خرید بحال ہو سکے جس سے کاروباری سر گرمیاں بھی فروغ پائیں گی ۔