اسلام آباد، کراچی(سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے اتحادیوں سے رابطے تیزکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ حکومتی کمیٹی جہانگیر ترین کی سربراہی میں اتحادیوں کے تحفظات دور کرے گی۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی آئندہ ہفتے جمہوری وطن پارٹی، ق لیگ اور جی ڈی اے سے بھی ملاقاتیں کرے گی۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی ایم کیو ایم کو سندھ میں اتحادپر وزارتیں دینے کی پیشکش سے سیاسی ایوانوں میں ہلچل جاری ہے ۔ادھرجناح ہسپتال کراچی میں وفاقی حکومت کی آشیانہ سکیم کے تحت کمبل تقسیم کرنے کی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی بیٹھک کو خوشگوار قرار دیا اور کہا ایم کیو ایم نے کوئی گلہ کیا نہ شکوہ،خوشگوارماحول میں بات چیت ہوئی۔ ایم کیو ایم سے ملاقات اچھی رہی۔ انہوں نے کہاکراچی کا جتنا وزیر اعظم کو خیال ہے شاید ہی بلاول کو اسکا عشر عشیر خیال ہو،پیپلز پارٹی بااختیار کی بات کرتی ہے تو میئر کو بااختیار کرے ۔میئر سے ملاقات ہوئی انہوں نے کوئی گلہ کیا نہ کوئی سیاسی اعتراض۔