اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،نیٹ نیوز )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بہترین بجٹ پیش کیا ،غلط فہمیاں پھیلانے والے ناکام ہوں گے ۔انہوں نے کہا معیشت کے اشاریے درست سمیت میں ہیں ، امیر ،غریب کو یکساں سبسڈی سرکاری وسائل کا زیاں ہے ،نئے نظام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ،عوام کا رضاکارانہ طور پر ویکسین لگوانا خوش آئندہ ہے ،وزیر اعظم سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات میں پارلیمانی اور قانون سازی سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،وزیر اعظم نے ہیڈ کانسٹیبل قیصر شکیل کو دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے پر وزیرِ اعظم ہاؤس بلا کر حوصلہ افزائی کی اور شاباش دی انعام کا بھی اعلان کیا ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں حکومت نے اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعظم نے بجٹ پر رہنماؤں اور ترجمانوں کو اعتماد میں لیا، اہم ٹاسک سونپ دیئے ۔عمران خان نے کہا کہ حکومتی کامیابیوں کو عوام میں اجاگر کریں، بہتر کو آرڈینیشن کے لئے ٹی وی پروگراموں میں وزارت اطلاعات کی منظوری کے بعد شرکت کریں۔سپیشل رپورٹر کے مطابق عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ بجٹ کے نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر کے عزائم ناکام ہوں،پارٹی رہنماؤں نے ایک متوازن ، عوام دوست اور معاشرے کے ہر طبقے کے لئے مثبت بجٹ پیش کرنے پر وزیرِ اعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے جہا عالمی طور پر معاشی مسائل پیدا ہوئے ہیں وہاں پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا ہے ،وزیراعظم نے ترجمانوں کو اہم ٹاسک سونپ دیئے ۔در یں اثنا وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نئے نظام کے مطابق سبسڈی کے حوالے سے اجلاس میں وزیرِ خزانہ شوکت ترین، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر،ڈاکٹر وقار مسعود،ڈاکٹر شہباز گل، صدر نیشنل بنک عارف عثمانی شریک ہوئے ،وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نئے نظام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کا آئندہ ماہ سے باقاعدہ اجرا کیا جا سکے ۔مزید براں ویکسینیشن مہم کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت ہوئے وزیر اعظم نے کہا پاکستان کی عوام کا رضا کارانہ طور پر ویکسین لگوانا ایک خوش آئند قدم ہے جس کی نظیر ترقی یافتہ ممالک میں بھی کم ہی ملتی ہے بھارت جیسی افسوسناک صورتحال سے بچنے کیلئے اداروں اور عوام کو مل کر اس سے بچاؤ کے اقدامات کا نفاذ یقینی بنانا ہے ۔