اسلام آباد (92نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پرویز خٹک، اسد عمر، شفقت محمود اور عامرکیانی شریک ہوئے ۔سیاسی معاملات ، جہانگیرترین کے تحفظات اورارکان اسمبلی کے خط پر مشاورت کی گئی جبکہ اجلاس میں جہانگیرترین سے بات چیت کرنے کیلئے بھی مشاورت مکمل کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے جہانگیرترین کے معاملے کو دیکھنے کا ہدف سیاسی کمیٹی کوسونپ دیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ جہانگیرترین سے سیاسی کمیٹی کے ارکان جلد رابطہ کریں گے اوران کے تحفظات سنیں جائیں گے ۔ کمیٹی وزیراعظم عمران خان اور جہانگیرترین میں رابطہ کار کا طریقہ طے کریگی۔کمیٹی کی رپورٹ پر وزیراعظم ملاقات کا فیصلہ کرینگے ۔یہی کمیٹی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے تحفظات دورکرنے پر بھی کام کریگی۔92 نیوز رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے جہانگیر ترین گروپ کی بات سننے کا عندیہ دیدیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر 21 اپریل کوافطار ڈنر ملتوی کر دیا گیا، اسی ہفتے جہانگیر ترین گروپ کی وزیراعظم یا ان کی نامزد کمیٹی سے ملاقات کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق جہانگیرترین نے سیاسی کمیٹی سے ملاقات کرنے سے معذرت کرلی ہے اورکہا ہے کہ وہ اورہم خیال گروپ کسی کمیٹی سے ملاقات نہیں کریں گے ، ہمیں وزیراعظم سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اورہم صرف وزیراعظم سے براہ راست ملاقات کریں گے ۔