لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے کہ حکومت جلسے کی اجازت دے کر بیک فٹ پرچلی گئی ،حکومت کا کہیں سے اشارے کے بعد پورا رویہ ہی معذرت خواہانہ ہوگیا۔پروگرام مقابل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جے یو آئی (ف) کی طرف سے ا پنے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ قرآن پاک لے کرآئیں، اس کامطلب ہے کہ مدارس کے طلبا آئیں گے ، جے یو آئی کے پاس فنڈز کی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف کی صحت کا معاملہ بہت خراب ہے ، اللہ کرے ان کی صحت ٹھیک ہوجائے ،میں نے گزشتہ روز کہا تھاکہ نوازشریف اور آصف زردار ی کی ضمانتیں ہوسکتی ہیں، اب تو حکومت کا رویہ ہی بدل گیا ہے ، میں اپنی بات پرقائم ہوں،اگر ن لیگ اس وقت سپریم کورٹ جائے تو عدالت انہیں علاج کی اجازت دے دے گی، جب نواز شریف کو اجازت مل جائے گی تو پھر آصف زرداری کو بھی مل جائے گی،میں سمجھتا ہوں کہ نوازشریف کو بیرون ملک سے علاج کی اجازت دینی چاہئے ۔ ہارون الرشید نے چار ترقیاتی اداروں کے سربراہوں کوہٹانے کے معاملہ کے بارے میں انکشاف کیا کہ یہ اس حکومت کا پہلا بڑا سیکنڈل ہے ، اس میں کھربوں روپے ملوث ہیں،ظاہر ہے کہ اوپر کی سطح کی قیادت اس کی ذمہ دار نہیں لیکن وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے اس کی سمری بنائی اوروزیراعلیٰ نے اسے دیکھا، وزیراعظم کو بھیجا پھر مشورے کے بعدانہیں لگایاگیا،عامررحمان کو میں جانتا ہوں وہ گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ رہے ، ا ن کی اچھی شہر ت ہے ، عارف عباسی کو نہیں جانتا،ملتان کے رانا عبدالجبار اورفیصل آباد کے ڈاکٹر اسد معظم ہیں ،ان کے بارے میں جس جس سے پوچھا، ا نہو ں نے ا نکی اچھی شہرت بتائی ،ا یسے سربراہوں کہ ایک روز اچانک ہٹادیاجاتا ہے ،کوئی وجہ نہیں بتائی جاتی، عامررحمان کو احسن جمیل گجرکے کہنے پر ہٹایاگیا ۔ تجزیہ کار اویس توحید نے کہا صحافیو ں اور اینکرز سے ملاقات میں عمران خان بہت زیادہ پراعتماد تھے ،انہو ں نے یہ بھی واضح کیا کہ سعودی عرب اورایران کی میٹنگ پاکستان میں کرادوں، جے یوآئی نے اپنے ہدایت نامے میں کہا ہے کہ ایک ہفتے کا بندوبست کیاجائے ،جمعہ کے روز اکر م درانی کے گھر پر رہبر کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات ہوگی،اگر حکومت نے طاقت کا استعمال کیا تو اسکا فائدہ مولاناکوہوگا۔انہوں نے کہا نوازشریف نیب کی حراست میں تھے ، اگر ان کی طرف سے کوئی غفلت ہوئی ہے تو ذمہ دار تو حکومت ہی ہوگی، صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا نومبریا دسمبر تک پنجاب اورکے پی کے میں وزرائے اعلی کو تبدیل کردیاجائے گا،حریم شاہ کا وزارت خارجہ میں جانا بہت بڑا سکیورٹی لیپس ہے ۔