کراچی (سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نیب ترمیمی آرڈیننس سے ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی حکومت بھی آصف زرداری کے بیانیے سے متفق ہے کہ نیب اور ملکی معیشت ساتھ نہیں چل سکتے ، حکومت کو واضح طور پر متعصبانہ کوششوں کے بجائے اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے ، انسداد بدعنوانی کے قوانین کو مستحکم کرکے اس طعنے کو ختم کریں۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا یکطرفہ انتقامی کارروائیوں کے بجائے حکومت اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرے ،اپوزیشن کو ساتھ نہ ملا کر نیب قوانین میں ترمیم واضح طور پر حکومت کی متعصبانہ اپروچ ہے ، حکومت اپنا کام اور قانون سازی میں کردار ادا کرے ،حکومت نیب قوانین کو مکمل ختم کرکے انسداد بدعنوانی کے قوانین کو مضبوط اور نیب کا یہ ڈھونگ ختم کرے ۔ادھربلاول بھٹو زرداری آج کراچی میں مکمل ہونے والے چار میگا پراجیکٹس کورنگی ڈھائی نمبر فلائی اوور، کورنگی 5 نمبر فلائی اوور،حیدر علی روڈ انڈرپاس اور کینٹ سٹیشن کے اطراف کی سڑکوں کا افتتاح کریں گے ۔