اسلام آباد، لاہور (92نیوزرپورٹ،این این آئی) حکومت نے نیب آرڈیننس میں ترامیم کے معاملے پراپوزیشن سے ایک اور رابطے کا فیصلہ کر لیا،نیب قوانین میں ترامیم پر اپوزیشن سے بات چیت کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو ٹاسک سونپ دیا گیا، سپیکر اسد قیصر نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے اپوزیشن کے رہنماؤں سے رابطہ کریں گے ، ذرائع کے مطابق اپوزیشن جو ترمیم لانا چاہتی ہے حکومتی ٹیم اسکے ساتھ بیٹھے گی، آئندہ ہفتے میں اس حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ کیا جائے گا، اپوزیشن کی جن ترامیم پر اتفاق ہو گا اس کو ایکٹ بنانے کیلئے بل میں شامل کیا جائے گا۔ اسی متعلق سینئر صحافیوں اور نیوز اینکرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے معاملے پر اپوزیشن سے ایک اور رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسد قیصر اس معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ کریں گے ۔