اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پی ٹی آئی حکومت نے ایک سال مکمل ہونے پر وزارت خارجہ امور کی اہم کامیابیوں کی تفصیلات جاری کردیں ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اتوار کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں تقریب کے دوران وزارت خارجہ امور کی چند اہم کامیابیوں کی تفصیلات جاری کیں۔ وزارت خارجہ امور اور دیگر متعلقہ محکموں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بیرون ملک پاکستان کے تشخص کو مثبت طور پر اجاگر کرنے اور سفارتی محاذوں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ خارجہ امور کے شعبہ میں موجودہ حکومت نے ملائیشیا، چین ، متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب ،امریکہ ، قطر ، ترکی ، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا ، متعدد ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارت اور تعاون کے فروغ کیلئے معاہدے کیے ۔ ایک سال کے دوران مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر دوبارہ اجاگر کیا گیا اور بھارتی پروپیگنڈے کا موثر توڑ کیا گیا۔ وزارت خارجہ اور حکومت کی سفارتی جدوجہداور بھارتی مظالم کو موثر طو رپر اجاگر کرنے سے اقوام عالم تک کشمیریوں کی آواز پہنچی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کے موقف کی جیت اور بھارتی سفارت کاری کی شکست ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی ذاتی کوششوں سے خلیجی ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات اور قطر کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر دورہ امریکہ دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیشرفت تھی، دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش سے پوری دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز ہوئی۔