اسلام آباد(92نیوزرپورٹ) حکومت نے پٹرول اورڈیزل 10روپے فی لٹر سستا کرنے پرغورشروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پروزارت خزانہ نے ورکنگ شروع کردی۔ذرائع کے مطابق پٹرولیم لیوی اورجی ایس ٹی کے ذریعے قیمت میں کمی پرغورکیاجارہاہے ۔وزارت خزانہ نے ماہانہ 75ارب ٹیکس جمع کرنے کیلئے قیمتوں میں اضافہ کرایاتھا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کانوٹیفکیشن جلدجاری کردیاجائیگا۔ دریں اثناء پٹرول بحران پر وزیراعظم کی ہدایت پرایک اوراعلی سطح کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔معاون خصوصی شہزادقاسم کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے ۔سابق ڈی جی آئل راشد فاروق،سی ای اوپٹرولیم انسٹی ٹیوٹ عاصم،سابق ڈی جی پی ایس اوعباس زیدی کمیٹی کے ممبران میں ہوں گے ۔کمیٹی ملک میں پٹرول ذخیرہ کرنیوالی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اورڈپوزکی نشاندہی کرے گی۔کمیٹی تیل بحران میں پٹرولیم ڈویژن کے اقدامات پررپورٹ دے گی ۔ کمیٹی اوگراکی جانب سے بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات کاجائزہ لے گی۔ کمیٹی تیل کی قیمت میں کمی کے درآمدات پراثرات کا جائزہ لے گی ، کمیٹی ذمہ داروں کے تعین کیساتھ مستقبل کے لائحہ عمل کاجائزہ لے گی۔