ملتان (سپیشل رپورٹر،خصوصی رپورٹر،این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے قوم کو 1200 ارب روپے کا تاریخی ریلیف پیکیج دیا،حکومت اکیلے بوجھ نہیں اٹھاسکتی، عوام نے بھی تعاون کرنا ہے ۔وائرس کیخلاف متحدہونیکا وقت ہے لیکن مخالفین پوائنٹ سکورنگ کررہے ۔ سرکٹ ہاؤس ملتان میں کورونا وائرس اور انصاف امداد پیکیج کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی اور قومی سطح پر کورونا وائرس کے ٹرینڈکا بغور جائزہ لے رہی ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف،ورلڈ بینک اور ایشن بینک کے قرضے ری شیڈول کرانا چاہتی ہے ۔ یہ رقم کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے صحت کے شعبے پر خرچ کی جائے گی ۔ حکومت پورپی یونین، جی 7 اور جی 20 ممالک سے رابطے میں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیاں ختم کرانے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ مکمل لاک ڈائون کیلئے تیاری کی ضرورت ہوگی ، مکمل لاک ڈائون میں کھانا راشن گھروں میں پہنچانا ہو گا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پنجاب کا سب سے بڑا اورموثر قرنطینہ ملتان میں قائم کیا گیا ، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے سلسلے میں پہلا اجلاس بھی ملتان میں ہو گا ۔ ہر یونین کونسل میں 13 رکنی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس بنائی جائے گی ۔