لاہور( حافظ فیض احمد) ملک میں حکومت کون بنائے گا؟وفاقی اور صوبائی محکموں میں سرکاری افسران اپنا اپنا تجزیہ پیش کرتے رہے جبکہ بیشتر افسران کا کہنا تھا کہ ملک میں آئندہ حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی جبکہ کئی افسران کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور ان کی اتحادی جماعتیں مل کر مخلوط حکومت بنانے میں کامیاب ہونگی۔ ہر حلقے میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں پر بحث ہوتی رہی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز اور ریلوے کے دیگر دفاتروں میں خاص طور پر سابق وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق زیر بحث رہے ،ریلوے کی یونین میں بھی شرطیں لگ گئی ہیں اور ریلوے کے بعض یونین رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سعد رفیق سیٹ ہار جائیں گے ۔ علاوہ ازیں محکمہ ایکسائز میں حمزہ شہباز شریف کے حلقہ کے متعلق بحث ہوتی رہی اور بعض ایکسائز افسران اور ملازمین کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز شریف اپنی سیٹ جیت جائیں گے لیکن ان کا تحریک انصاف کے امیدوار نعمان قیصر کے ساتھ مقابلہ سخت ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن، ایف آئی اے سمیت بعض سرکاری اداروں کے افسران ملازمین کا کہنا تھا کہ پہلی بار مسلم لیگ (ن) کو کئی سالوں کے بعد لاہور میں ٹف ٹائم ملا ہے ، اگر تحریک انصاف قومی اسمبلی کی لاہور سے 14سیٹوں میں سے 7سیٹیں بھی جیت جاتی ہے تو یہ تحریک انصاف کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔