لاہور( خبرنگارخصوصی )پیپلزپارٹی پنجاب سیکرٹری اطلاعات و پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ایک سال میں کچھ نہیں کیا ، حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے ، تحریک انصاف کی حکومت کی ایک سالہ کار کردگی کے حوالے سے اسلم گل ، الطاف قریشی، شازیہ عابد،مولانا یوسف اعوان اور سجاد انور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید حسن مرتضی نے کہا ایک سال میں حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوگئی ، ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ، ایک سال میں فی ڈالر کی قیمت 158روپے تک پہنچ گئی،اسی طرح بیرونی قرضوں میں بھی خطر ناک حد تک اضافہ ہوا ،زرمبادلہ کے ذخائر ایک سال قبل16ارب 71کروڑ ڈالر تھے وہ15ارب ڈالر رہ گئے ،حکومتی اخراجات میں11سو ارب روپے کا اضافہ ہواجبکہ مہنگائی میں سوفیصد اضافہ ہوا، پٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنا معمول بن گیا ،ایک سال قبل پڑول95.24روپے لیٹر تھا جو اب117.83روپے لیٹر ہے ،ڈیزل ایک سال قبل112.94روپے تھا جو اب132.47روپے ہے ،سی این جی ایک سال قبل81.70روپے فی کلو تھی جو اب123روپے فی کلو ہے ،چپاتی اور نان کی قیمت میں دو روپے اور چنی کی قیمت 15سے 20روپے فی کلو اضافہ ہوا،دال مونگ اور مسور کی قیمت میں 30سے 40روپے فی کلو اضافہ ہوا۔