لاہور ( خبرنگارخصوصی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کا کام منافع کمانا نہیں صنعتکاروں کو سہولتیں دینا ہے ۔امریکن بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صنعتی مراکز، سپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس بننے سے صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ملاقات کے دوران صوبے کی نئی صنعتی پالیسی، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے ،کاٹیج انڈسٹری کی بحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات پر بات چیت ہوئی ۔پاک امریکن بزنس کونسل کے صدر جمال میر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اقدامات قابل تحسین ہیں اور پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے موجود ساز گار ماحول سے پورا فائدہ اٹھا ئیں گے ۔ وفد نے صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔