لاہور(رپورٹ : بابر علی/تصاویر : زاہد بشیر) حکومتی عدم توجہ کے باعث جی ٹی روڈ پر واقع کشمیرگراؤنڈگندگی کے ڈھیر پڑے ہونے کے باعث فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو گئی جبکہ اراضی پر سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا تین سال قبل شروع ہونے والا منصوبہ تاحا ل مکمل نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر یو سی 8کے علاقے کشمیر پارک میں 208کنال سرکاری اراضی پر محیط کشمیر گراؤنڈ جو ماضی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہو تی تھی اب غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی ہے ۔ اس جگہ کوڑا کرکٹ اور گائے بھینسوں کے گوبر کے انبار لگے ہونے کے باعث علاقے میں تعفن پھیلا ہوا ہے اور مقامی رہائشی بھی اس سرکاری اراضی سے استفادہ حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔پی ایچ اے لاہور کی جانب سے بھی اس گراؤنڈ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری نہیں لی گئی۔ مزید برآں اراضی کے ایک حصے پر شاہدرہ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کی جا رہی ہے ، تین سال قبل تعمیراتی کام شروع ہوا جو سست روی کا شکار رہنے اور متعدد بار بند ہونے کی وجہ سے اب تک صرف عمارت کا ڈھانچہ ہی تعمیر ہو سکا۔ گزشتہ دو ماہ سے وہاں تعمیراتی کام بند پڑا ہے ۔