لاہور ،اسلام آباد، ملتان ( سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،92 نیوزرپورٹ،خبر نگار ، نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کی جانب سے مختلف وزاروں کو کارکردگی سرٹیفکیٹ اور اسناد سے نوازنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزرا کو اسناد کی تقسیم قوم کے ساتھ ایک اور مذاق ہے ، حکومت کی تین سالہ کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے ۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ حقائق عمران خان کے کھوکھلے لیکچروں کا منہ چڑا رہے ہیں ،عمران خان کا اخلاقیات پر درس تاریخی نااہلی چھپانے کی کوشش ہے ، بے وقوف نہیں بنا سکتے ۔مریم نوازنے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنی ناکامیوں کا بخوبی اندازہ ہے ، معیشت، خارجہ اور پانی وبجلی کی وزارت کو تمغے نہیں ملے ۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کی تباہی وبربادی کے ذمہ دار وزراء کو تعریفی اسناد دینا بے شرمی کی انتہاء اور انتہائی مضحکہ خیز ہے ، عوام پریشان جبکہ حکومت کے احمقانہ چونچلے ہی ختم نہیں ہورہے ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دس چمچوں کو نوازا، سی پیک منصوبے کو روکنے والے وزیر کو سرٹیفکیٹ دیا۔ سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ وزرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ قوم کے ساتھ ایک اور مذاق ہے ، حکومت کی تین سالہ کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے ۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بدترین کارکردگی پر وزراء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے پر عمران خان کا نام گنیز بک میں لکھا جانا چاہئے ، کارکردگی سرٹیفکیٹ کا سارا میلہ مراد سعید کو نوازنے کیلئے سجایا گیا۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی کارکردگی زیرو، مگر وزرا میں اسنادتقسیم کی جا رہی ہیں ۔ لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ کارکردگی کے نہیں آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی اور چوری کے ایوارڈ دینے چاہئیں۔لیگی رہنماعظمیٰ بخاری نے کہا کہا عوام مہنگائی کے سونامی میں پس رہے اور ظل تباہی اپنے چہیتے وزراکو شیلڈدے رہے ہیں۔