لاہور(سلیمان چودھری ) ملک کے 10شہروں میں 28مقامات سے پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ، لاہور کے پانچ مقامات میں پھر سے پولیو وائرس پایا گیا ۔انٹرنیشنل مانیٹرنگ بورڈ کے مطابق پاکستان میں یکم اگست سے 26اگست تک ملک کے مختلف حصوں کے گٹروں کے پانی سے ماحولیاتی نمونے حاصل کیے گئے جن کو تجزیے کے لیے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوایا گیا ۔ 10شہروں کے 28مقامات سے لیے گئے ، نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، کوئٹہ سے تین اورڈیرہ بگٹی سے ایک مقام پر پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ۔ اسلام آباد اور بنوں سے ایک ایک نمونہ میں پولیو وائرس پایا گیا۔ پنجاب میں پولیو کی صورتحال قابو سے باہرہو رہی ہے ، تمام تر مہمات بے سود ہو رہی ہے ، سندھ میں 17مقامات سے پولیو وائرس پایا گیا ان میں گڈاپ ٹائون سے تین ، دوگلشن اقبال کے نمونوں میں پولیو وائرس تھا۔اسی طرح کراچی ہی کے علاقے کورنگی ٹائون ، لانڈھی ، صدر ، سائٹ ٹائون ، لیاقت ٹائون اور بلدیہ ٹائون سے ایک ایک ماحولیاتی نمونہ مثبت آیا ہے ۔سکھر دو ، دادو، جیکب آباد ، حیدر آباد اور ضلع قمبرسے ایک ایک مقام سے پولیو وائرس پکڑا گیا ۔دوسری جانب مسلم ممالک کے علماپر مشتمل اسلامک ایڈوائزی بورڈ برائے پولیو کا چھٹا سالانہ اجلاس مصر میں ہوا ،اجلاس میں پاکستان میں 62پولیو کے کیسز پر تحفظات کا اظہار کیاگیا ۔