اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍وقائع نگار خصوصی؍ صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے عوام سے کہا ہے کہ روزگار کیلئے حکومت کی جانب نہ دیکھیں۔اسلام آباد کے انجینئرنگ اداروں کی دوسری ڈینز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا حکومت عوام کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی بلکہ میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے ۔فواد چودھری نے کہاپاکستان یا دنیا کے دیگر ممالک کی حکومتیں سکڑ رہی ہیں،یہ نہایت ضروری ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ حکومت روزگار فراہم نہیں کرسکتی، اگر ہم روزگار دلانے لگ جائیں تو معیشت تباہ ہوجائے گی۔انہوں نے کہا یہ 1970 کی سوچ ہوا کرتی تھی کہ حکومت روزگار فراہم کرے گی مگر اب نجی شعبے روزگار فراہم کرتے ہیں۔بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کہا تھا نوکریاں حکومت نہیں، نجی شعبہ دیتا ہے ، حکومت کا کام صرف ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے ۔فواد چودھری کے ترجمان نے کہا کہ نوکریوں کے حوالے سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بیان کو سیاق و سباق کے بغیر پیش کیا گیا،بیان کا مطلب حکومت کی پالیسیز کا مقصد پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے ،ملک میں صنعت و تجارت کو فروغ دینا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے کہاتحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح معیشت کے استحکام کے لئے ایک سازگار ماحول بنانا ہے جس میں صنعت و تجارت کو فروغ ملے ۔ترجمان کے مطابق فواد چودھری نے ان اداروں کو ختم کرنے کی بات کی جن کا معیشت کے استحکام میں کوئی کردار نہیں بلکہ ایسے ادارے معیشت پر بوجھ ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹوں کا کنبہ آہستہ آہستہ سچ اگل رہا ہے ، عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا دعویٰ کسی خاص کیفیت میں کیا تھا جبکہ عوام کی مشکلات کم کرنا نوجوانوں کو روزگار دینا، مہنگائی پر کنٹرول کرنا ان کا ایجنڈا تھا ہی نہیں۔