حیدرآباد/سیالکوٹ /سکرنڈ/سادہوکے /ایمن آباد / نوشہرہ ورکاں/چیچہ وطنی (بیورورپورٹ،نامہ نگاران،نمائندہ 92 نیوز )حیدرآبادکے نواحی علاقے ٹنڈوجام کے قریب کارٹرین کی زدمیں آنے سے 3افرادجاں بحق ہوگئے ۔لاشیں سول ہسپتال منتقل کردی گئیں۔نواحی علاقے مریدسپیوکے قریب سے رحمان باباایکسپریس گزررہی تھی کہ اس دوران بغیر گیٹ پھاٹک عبورکرنے والی کاراس کی زد میں آگئی۔ جاں بحق افراد کی شناخت محمد اسلم،سچل اورامیربخش کے نام سے ہوگئی۔پولیس کے مطابق رحمان باباایکسپریس پشاورسے کراچی جارہی تھی۔ٹرین کار کوروند تی ہوئی اپنے ساتھ لے گئی۔ کار کو کاٹ کر لاشیں نکالی گئیں،کار سوار سکرنڈ سے ٹنڈوجام جارہے تھے ۔ادھر سادہوکے کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل سٹرک کنارے کھڑی ٹرالی سے ٹکرا نے سے موٹر سائیکل سوار دونوں افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے ، کامونکی کے رہائشی عبدالرزاق،محمد اسلم اپنے موٹر سائیکل پر فاروق آباد سے واپس براستہ نوشہرہ ورکاں واپس کامونکی آ رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث نواحی گاؤں کڑیال باغوانوالہ کے قریب سٹرک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کو موقع پر ہی دم توڑ گئے جنہیں فوری تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا جہاں پر ان کی نعشیں لواحقین کے حوالہ کر دی گئیں۔سیالکوٹ میں پسرور کے مقام پر لاہور سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین کے نیچے آکر40 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا، محلہ نامے شاہ کے رہائشی خادم حسین ولد نتھے خان کا ذہنی توازن درست نہ تھا ، نعش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شفٹ کردیاگیا۔چیچہ وطنی میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی ن کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو ساتھی شدید زخمی ہو گئے ۔ نواحی گاؤں 169/9ایل کا رہائشی طلحہ اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ چیچہ وطنی بوریوالہ روڈ پر 68 موڑ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے اسے ٹکر مار دی ،زخمی حسنین اور علی رضا کو ہسپتال پہنچادیا گیا۔