پشاور (صباح نیوز)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو مزید وقت دیا گیا تو وہ ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیں گے ۔آئین کی اسلامی شقوں کا تحفظ، دوبارہ انتخابات اور وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا مشترکہ بیانیہ ہے جس پر سب نے اتفاق کیا ۔گزشتہ روزجے یو آئی (ف)کی صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں پرامن احتجاج کررہے ہیں۔ ہماری جنگ ملک دشمن پالیسی سازوں سے ہے ،تمام طبقات موجودہ حکمرانوں کیخلاف علم بغاوت بلند کرچکے ہیں۔ موجودہ حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، تمام طبقات حکومت کی پالیسیوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ رابطے جاری ہیں، وہ آزادی مارچ میں شریک ہونگی۔حکومت اور وزارت خارجہ کشمیر پر اپنا مقدمہ پیش کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں،کشمیر پر خفیہ سودے بازی سے ہمیں قریبی دوست ممالک کے ووٹ بھی نہ ملے ۔