لاہور سمیت صوبہ بھر کے 95تھانوں میں مسنگ سہولیات کی فراہمی اور ضروری تعمیر و مرمت کے لئے فنڈز طلب کر لئے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ اس وقت صوبائی دارالحکومت میں کئی تھانے کرائے کی بلڈنگوں میں ہیں، جو سرکاری عمارتوں میں موجود ہیں وہاں پر بھی سہولیات کا فقدان ہے، بیرکوں میں گندگی سے قیدی بیمار ہو جاتے ہیں، جبکہ حوالات میں واش روم ،گرمی سے بچائو کے لئے پنکھا اور ٹھنڈا پانی، سردی سے بچنے کے لئے گرم بستر کا نام و نشان تک نہیں، جو بوسیدہ کمبل موجود ہوتے ہیں، ان میں بھی اس قدر بدبو آتی ہے کہ سانس لینا محال ہو جاتا ہے اس کے علاوہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے لئے ٹھنڈا پانی، بیٹھنے کے لئے کرسیاں یا بنچ نہ ہونے کے برابر ہیں، کئی تھانوں کی بلڈنگیں بھی خستہ حال ہیں جبکہ تھانوں میں موجود چوری کے موٹر سائیکل اور گاڑیاں اس قدر زیادہ ہیں کہ پارکنگ کا مسئلہ بھی درپش ہوتا ہے، ایک برس کے بعد لاوارث اشیا کی نیلامی کا سلسلہ شروع کیا تو تھانے کے اخراجات پورے ہو سکتے ہیں، دیہی علاقوں میں پولیس کے پاس گاڑیوں کی شدید کمی ہے ۔ملزمان پکڑنے کے لئے اکثر بیشتر گاڑیوں میں تیل نہیں ہوتا، اس کا بھی کوئی بہتر میکنزم بنایا جائے ۔چوکیوں اور تھانوں کی مرمت کے لئے فنڈز کا فی الفور اجرا کیا جائے تاکہ صوبہ بھر میں امن و امان کی سہولتیں بہتر ہو سکیں۔