فیصل آباد(خصوصی رپورٹ)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے پیمرا ریجنل دفاتر فیصل آباد اور سرگودھا کا دورہ کیا۔ چیئرمین پیمرا کو دونوں ریجنل دفاتر کی لائسنسنگ، قوانین کے نفاذ، انڈین چینلز کے خلاف کارروائی اور دیگر عملی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس دورے کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے سرگودھا، چنیوٹ، بھکر، خوشاب، جھنگ، فیصل آباد، میانوالی ٹوبہ ٹیک سنگ اور ننکانہ کے کیبل آپریٹرز کے وفودسے ملاقاتیں کیں اور حالیہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں انڈین چینلز اور انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور اپنی نشریات کو قوانین کے مطابق بنانے کی ہدایت کی اور خبر دار کیا کہ پیمرا انفوسمنٹ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کیبل نیٹ ورکس پر غیرقانونی چینلز دکھانے کیلئے استعمال ہونے والے آلات قبضے میں لے رہی ہیں۔ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کرنے کا مجاز ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں ادارہ کیبل آپریٹرز کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائے گا۔ چیئرمین پیمرا نے افسران سے کہا کہ وہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے انڈین چینلز اور انڈین مواد کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر تمام کیبل آپریٹرز اور یونین کے عہدیداران نے مہم میں پیمرا کا بھرپور ساتھ د ینے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈائریکٹر جنرل(آپریشنز) محمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل( ایڈمن) حاجی آدم، جنرل منیجر (میڈیاو تعلقاتِ عامہ) محمد طاہر،سیکریٹری ٹو اتھارٹی فخر الدین مغل و دیگر پیمرا افسران بھی ان کے ساتھ تھے ۔