لاہور، اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سپیشل رپورٹر) خاتون اول بشریٰ عمران نے گزشتہ روز اچانک داتا دربار پناہ گاہ کا دورہ کیا اور وہاں مقیم افراد کے لیے دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، فرح خان بھی انکے ساتھ تھیں، خاتون اول بشریٰ عمران نے کچن میں کھانے پینے کی اشیا کو بھی چیک کیا ، پناہ گاہ میں موجود لوگوں سے سہولیات بارے بھی دریافت کیا ، مقیم افراد کا کہنا تھا انتظامیہ کی جانب سے بہترین رہائش اور کھانے پینے کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ، پناہ گاہ میں گھر جیسا ماحول ہے ، یہ حکومت کا مثالی اقدام ہے ، پہلے فٹ پاتھ پر رات گزارنا پڑتی تھی، انتظامیہ کی جانب سے پناہ گاہ میں سہولتوں کے متعلق خاتون اول کو بریف کیا گیا، خاتون اول نے سہولتوں پر اظہار اطمینان کیا، خاتون اول نے کہا پناہ گاہ میں آنے والوں کو کسی قسم کی شکایات نہیں ہونی چاہئیں ، پناہ گاہوں کی عمارتوں کی ضروری مرمت کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے ، علاوہ ازیں پناہ گاہ میں مقیم افراد نے خاتون اول کو نجی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر خاتون اول نے ان کے مسائل کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔خاتون اول کے اچانک پناہ گاہ کے دورے کے حوالے ڈپٹی کمشنر سمیت پناہ گاہ کی انتظامیہ بھی دورے سے لاعلم تھی خاتون اول بغیر پروٹوکول داتا دربار پناہ گاہ پہنچیں۔خاتون اول 20منٹ تک پناہ گاہ میں موجود رہیں، ایک صحافی کے سوال پر خاتون اول نے کہا کہ ہر کامیاب بندے کے پیچھے اس کی بیوی کا ہاتھ ہوتا ہے ۔ خاتون ا ول نے مسافر خاتون کے پولیو میں مبتلا بچے کے علاج کی یقین دہانی کرائی۔انتظامیہ کے مطابق ایک خاتون نے اپنے بچے کی تلاش کیلئے بشریٰ بی بی سے اپیل کی۔