اس بات سے کوئی انکار نہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے ۔ پنجاب آبادی اور معاشی لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ جس کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار ایک پڑھے لکھے خاموش طبع نوجوان ہیں جوبلند وبانگ دعوے کر کے اور شور مچا کر ہر کام کا کریڈٹ لینے کی بجائے خاموشی سے کام کئے جا رہے ہیں۔ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں کتنے ہی عوامی فلاح و بہبود کے کام ہیں جو وزیر اعلیٰ پنجاب کی سرکردگی میں پنجاب حکومت نے انجام دیئے ہیں اور ان منصوبوں کے مکمل ہونے پر ان کی افادیت سے عوام بہرہ مند ہو رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے دورے کے دوران عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں معاشی سرگرمیاں فروغ دینے کا موقع ملے گا۔ یہ انڈسٹریل سٹی پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت فیصل آباد ای اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اور منیجمنٹ کمپنی (ایف آئی ای ڈی ایم سی) کے خصوصی اقتصادی زون کا میگا پروجیکٹ ہے۔ ہنرمند نوجوان کسی بھی ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ ریاست کی تعمیر و تشکیل میںنوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام پنجاب کے نوجوانوں کے لئے ’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی۔ اس پروگرام سے ابتدائی طورپر ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ اور جدید تقاضوں کے مطابق 56 جدید کورسز کرائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 4 سال میں بتدریج بڑھاتے ہوئے پونے 9 لاکھ مزید نوجوانوںکو’’وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام ‘‘کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے گا۔ روزگار کی فراہمی کے قومی ہدف کا تقریباً 60 فیصد پنجاب گروتھ سڑٹیجی 2023 کے تحت پورا کیا جائے گا۔ماضی میں ٹیوٹا کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے توجہ نہیں دی گئی۔ ٹیوٹا جدید ٹیکنالوجی اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نئے ہنر نوجوانوں کو منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ حکومت پنجاب ترقی کے اس مشن کے لیے درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ حکومت پنجاب نے 121 سال کے بعد پنجاب کے دوسرے بڑے منصوبے جلال پور کینال کا افتتاح کر کے ایک اور بڑا کام کیا ہے۔1897ء میں جلال پور کینال کا منصوبہ تیار کیا گیا آج تک کسی کو توفیق نہ ہوئی۔پنجاب حکومت یہ پراجیکٹ پانچ سال میں تین فیزز میں مکمل کرے گی۔ پنڈ دادنخان اور خوشاب کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی۔ جلالپور کینال کے میگا پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کاکریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔ 32ارب 70کروڑ روپے کا یہ منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا جس سے علاقے کا ایکو سسٹم تبدیل ہو جائے گا۔معاشی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی - جلالپور کینال ایک مکمل نہری نظام ہے ۔رسول بیراج سے خوشاب تک 117 کلومیٹر طویل نہر بنائی جائے گی ۔منسلک رابطہ نہروں کی لمبائی93کلو میٹر ہوگی۔جلالپور نہری منصوبے سے خوشاب اور پنڈ دادن خان کے 80دیہات میں زرعی انقلاب آئے گا۔ اس منصوبے میں ایک لاکھ 70ہزار ایکڑ سے زائد زرخیز زمین سیراب ہوگی ۔ نہر سے 4لاکھ افرادکو براہ راست فائدہ ہوگا۔ جلالپور کینال کو سیلاب کی تباہ کاری سے محفوظ رکھنے کے لئے ایک خصوصی پلان بھی تیار کیاگیاہے اور سیلابی پانی کی محفوظ گزرگاہ کے لئے نکاسی آب کے 72راستے او ردریائے جہلم سے آنے والے سیلابی پانی کے اخراج کے لئے 18فلڈ کنٹرول چینل تعمیر کئے جائیں گے۔کھیتوں کو سیراب کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے ذریعے 26دیہات کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے 17 واٹر ڈرنکنگ آؤٹ لٹ بنا رہے ہیں ۔ کھیوڑہ کے دامن میں رہنے والے لوگوں کیلئے یہاں کا پانی نمکین ہے۔ جلال پور نہر منصوبے سے انڈر گرائونڈ واٹر لیول بھی بہتر اور اس کی کڑواہٹ ختم ہوگی جبکہ لوگوں کو پینے کے قابل پانی بھی ملے گا۔ اس کے علاوہ پنجاب میں ہسپتالوں،ریلوے سٹیشن اور مزارات کے قریب پناہ گاہوں کا قیام بلاشبہ ایک منفرد منصوبہ ہے جسے جناب عثمان بزدار نے راتوں رات ہنگامی بنیادوں پر چند دنوں میں مکمل کر کے عوامی سہولت کے لیے کھول دیا اوربعدازاں ان پناہ گاہوں کے تحت غریب عوام کوتحفظ،خوراک اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں علاج معالجہ کی سہولت بھی دے دی گئی۔اسی طرح پنجاب میں مختلف محکموں کے177 ریسٹ ہاؤسز کو عام عوام کے استعمال کے لیے کھولنا بھی ایک مستحسن قدم ہے جس سے نا صرف بیو رو کریسی کی عیاشیوں کو لگام دی گئی بلکہ عوامی سہولت کے ساتھ ساتھ صوبائی آمدنی میں بھی اضافہ کیا گیا۔ پنجاب کے اہم شہر فیصل آبادکو کوڑا کرکٹ سے صاف رکھنے اور ماڈل سٹی بنانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو جدید مشینری خریدنے کے لیے 52 کروڑ کے فنڈز فراہم کئے گئے۔ ان بڑے بڑے کاموں کو سر انجام دینے والے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنی زبان سے اظہار کرنے میں ہچکچاہٹ شاید اس لیے محسوس کرتے ہیں کہ ان کے نزدیک یہ ایک عوامی خدمت ہے جس کی تشہیر کے وہ قائل نہیں۔ وہ صرف کام کرنا جانتے ہیں۔ اشتہارات پر اپنی تصاویر چھپوانا اور بڑی بڑی کمپنیاں بنا کراپنے من پسند افراد کو نوازنا ان کے نزدیک گناہ کبیرہ ہے۔ سابق ادوار میں کرپشن کا دور دورہ تھا اور سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔اب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو درست سمت میں ڈال دیاہے۔پنجاب حکومت کا بھی ہر قدم اب وطن عزیز کی بہتری کیلئے اٹھ رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کبھی بھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی اورپورے وثوق سے یہ بات کہی جا سکتی ہے ۔انہوں نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے ۔