کراچی ( سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام کی مشکلات سے بے حس حکومت نے ایک بار پھر اپنے اخراجات پورا کرنے کیلئے پٹرول بم کا سہارا لیا ہے ،خان صاحب! عوام پر رحم کرو، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لو اور ٹیکسز کم کرو ۔اپنے بیان میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر پٹرول کی قیمت میں دس روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، ملک مزید مہنگائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی اور ناکامیاں ملک کے آگے بڑھنے میں رکاوٹ بن چکی ہیں،سلیکٹڈ وزیراعظم سے ملک نہیں چل رہا جو فقط جھوٹ بولنے اور سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں جانتے ، پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے مشکل ترین حالات کے باوجود پٹرول مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھا تھا۔