لاہور (کامرس رپورٹر ) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خان صاحب پتلی گلی سے نکلیں اور بڑا یو ٹرن لیں،لوٹ مچی ہوئی ہے ،حکومت کا جانا طے ہوچکا ہے ،بڑے گھر کو راضی کرکے نہیں بلکہ عوام کے ذریعے تبدیلی لائینگے ۔مہنگائی، بے روزگاری ، عوامی مسائل پرہر ضلع میں جمعہ ہفتہ اتوار کو احتجاج کرینگے ۔گزشتہ روزپیپلز پارٹی پنجاب کے ایگزیکٹو اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں اتحادی ناراض ہیں اونٹ جس کروٹ میں بیٹھے گاتو سیاسی جماعتیں ملکر فیصلہ کرینگی۔ اب حکومت کیلئے سرجری کے بجائے آپریشن کی ضرورت ہے ۔ پنجاب میں مہنگائی ،بے روزگاری کے طوفان پر بات چیت ہوئی ،حکومت کے کچھ لوگ کہہ رہے ہیں آٹے کی قلت نہیں، کچھ کہہ رہے گندم وافر مقدار میں موجود ہے ۔ فواد چودھری نے پنجاب کی پرفارمنس پر انگلیاں اٹھائی ہیں ۔ ساڑھے دس ارب روپے کی سبسڈی دیکر ساڑھے چھ لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کی گئی۔ اب گندم مہنگے داموں واپس منگوا رہے ہیں ،ساڑھے دس ارب روپے کہاں گیا، یہ گڈ گورننس کے دعویدار ہیں۔ اگر کوئی کہتا کے آٹا نہیں تو اس کے گھر کے باہر آٹے کے ٹرک نہ کھڑے کرو بلکہ عوام کو آٹا دو۔ پرویز مشرف کے چاہنے والے ایک بار پھر آٹے کے ٹرک کھڑے کرکے آٹا دے رہے ۔ گنے کے کسان کو قیمت نہیں دی جا رہی لیکن چینی کی قیمت پچاسی روپے تک پہنچ چکی ۔ ایف بی آر چیئرمین کہہ رہے ہیں موجودہ ڈھانچہ تبدیل کریں ،یہ کہتے تھے ٹاسک فورس بنی ہوئی ہے ، کام پھر نہیں ہو رہا ،ہر وعدے احتساب پر یو ٹرن ہو رہاہے ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات اور پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں احتجاج کا سلسلہ کل سے شروع کرینگے ،26 جنوری کو سوشل میڈیا کانفرنس کرینگے ۔ اجلاس میں چودھری اسلم گل ،چودھری منظور احمد،،ملک عثمان ، عاصم محمود بھٹی اور دیگر سینئر رہنمائوں نے شرکت کی۔