نیشنل ہائی وے اتھارٹی صوبہ خیبر پختونخواہ میں جاری شاہراتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ رواں برس مزید نئے منصوبوں پر کام کا آغاز ہونے کا بتایا جا رہا ہے۔ اس سے معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔ سڑکوں کی حالت بہتر ہونے سے نہ صرف سفر آسانی سے ہوتا ہے بلکہ کاروبار کے مواقع بھی بڑھ جاتے ہیں۔ بڑی منڈیوں تک فی الفور آسانی کے ساتھ رسائی میسر آتی ہے جس کیساتھ کاروبار میں تیزی آتی ہے اور بیرونی سرمیہ کار بھی پاکستان میں آ کر کاروبار کرتے ہیں۔ خیبر پی کے میں ایک عرصے حالات خراب رہے گو حکومت نے سڑکوں کی حالت بہتر کی ہے لیکن یہ علاقہ سی پیک میں آنے کے باعث اب یہاںنہ صرف موٹر وے کی طرز پر کشادہ سڑکوں کا جال بچھے گا بلکہ پسماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ شمالی اور جنوبی قبائلی علاقہ جات جو حال ہی میں صوبے کا حصہ بنے ہیں ان علاقوں میں سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے اگر ان علاقوں میں سڑکیں تعمیر ہو جائیں تو نہ صرف کاروبار کے مواقع بہتر انداز میں میسر ہونگے بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ اس لئے سی پیک کے جو منصوبے اس علاقے کے لئے مختص ہیں انہیں فی الفور شروع کیا جائے اور ترقیاتی کاموں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کر کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔