فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ناردرن نے سنسنی خیز میچ کے بعد پختونخوا کو 3 رنز سے پچھاڑ کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ دوسرے میچ میں بلوچستان نے سنٹرل پنجاب کو 3وکٹوں سے ہرا دیا ۔خیبر پختونخوا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیااور ناردرن کی ٹیم مقررہ اوورز میں9 وکٹوں پر 148 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ناردرن کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے عمر امین نے سب سے زیادہ 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ پختونخوا کی جانب سے بائولنگ کرتے ہوئے عثمان شنواری نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان سینئر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم ہدف کو حاصل نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوںپر 145 رنز ہی بنا سکی ۔ افتخار احمد نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔حارث رئوف تین وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ رہے ۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے سنٹرل پنجاب کو تین وکٹوں سے ہرا دیا ۔ سدرن پنجاب نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 178 رنز بنائے جس میں محمد حفیظ 65 جبکہ شعیب ملک 64 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ شفیق نے دو وکٹیں لیں ۔ جواب میں بلوچستان نے آخری اوورز میں ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حسین طلعت 42 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ وہاب ریاض نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ آخری اوور میں شاندار بیٹنگ کرنے اور 29 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے پر عماد بٹ کو مین آف دی میچ دیا گیا ۔