پشاور(نیوز رپورٹر ) محکمہ اوقاف خیبر پختونخوا نے آئمہ کرام کو نماز جمعہ دو شفٹوں میں ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔محکمہ کے چیف خطیب کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی نماز دو شفٹوں میں ادا کی جائے تاکہ رش سے بچا سکے جبکہ نماز جمعہ با لخصوص اور دیگر نمازوں کا بالعموم مساجد کے ہال کی بجائے برآمدوں اور صحنوں میں اہتمام کیا جائے ،آئمہ کرام اور نمازیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نماز کے دوران صفوں میں اضافی جگہ قائم کی جائے ،اس مقصد کیلئے صفوں کے درمیان میں ایک صف سے زائد کا فاصلہ رکھا جائے ،ہدایت نامے کے مطابق بزرگوں اور بچوں کے مساجد آنے کی حوصلہ شکنی کی جائے کیونکہ ان کا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ سنت اور نوافل کی ادائیگی کا گھروں پر ہی اہتمام کیا جائے ،آئمہ کرام کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ خطبات کے دوران صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جائے اور عوام کو وضو کرتے وقت صابن سے منہ ہاتھ دھونے کی تلقین کی جائے ۔