پشاور(تیمورخان) خیبر پختونخوا بیورو کریسی نے پراجیکٹ پالیسی اور ورلڈبینک کے رولز کی خلاف ورزی کرتے توصیف خالد کو پراجیکٹ ڈائریکٹر (کائیٹ) تعینات کردیا ہے ۔محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے بھی مذکورہ آفیسر کے تبادلے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے ۔ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سیاحت و ثقافت سے پراجیکٹ ڈائریکٹر کیلئے امیدواروں کی لسٹ طلب کرلی۔ ذرائع کے مطابق پراجیکٹ پالیسی کے تحت ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی پہلے سے موجود ہے جو امیدواروں کا انٹرویو کرکے شارٹ لسٹ امیدواروں کی سی وی ورلڈ بینک کو ارسال کریگی اور وہی پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کرے گا،ذرائع کے مطابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تنخواہ 5لاکھ 54ہزار600روپے مقرر کی گئی ہے ۔ رابطہ کرنے پر توصیف خالد نے بتایا کہ انہیں ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا ہے ، پراجیکٹ پالیسی کے تحت سرکاری آفیسر ڈیپوٹیشن پر تعینات ہوسکتا ہے تاہم وہ پراجیکٹ پالیسی کو فالو کرینگے جس کیلئے انہیں سلیکشن کمیٹی میں انٹرویو کے عمل سے گزرنا ہوگا۔