پشاور(ممتاز بنگش) خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز میں کمی کا پول کھل گیا اور حکومت کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہو گیا کہ مثبت کیسز میں کمی سمارٹ لاک ڈائون کے باعث ہوئی ، ذرائع کے مطابق پورے صوبے میں لیبارٹری ٹیسٹوں میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران 40فیصد کمی ہو ئی ، سیمپلز کم ہونے کے باعث کورونا مثبت کیسز کی تعداد بھی کم ہو گئی ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ قبل یومیہ اوسطاً 3ہزار 20ٹیسٹ ہوتے تھے مگر اب روزانہ صرف 17سو سیمپلز آرہے ہیں جس سے ٹیسٹ کی شرح کم ہو گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کم ہونے کی وجہ لیبارٹریوں کی استعداد نہیں بلکہ صوبہ بھر میں بہت کم لوگ ٹیسٹ کے لیبارٹریوں یا ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں اس لئے ٹیسٹ کی یومیہ شرح 1700تک ڈراپ ہو گئی ہے ۔ حکومت نے گزشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا مثبت کیسز میں کافی حد تک کمی ہوئی جس کی وجہ حال میں شروع کئے گئے سمارٹ لاک ڈائون بتائی گئی تھی ،صوبے میں یومیہ مثبت کیسز کی تعداد 6سو سے بھی تجاوز کر گئی تھی جو اب ساڑھے 3سو تک کم ہو گئی ہے ۔، ذرائع کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا وہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں ۔دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر مثبت کیسز کی تعداد کم ہوتی تو اموات کی شرح بھی کم ہوتی مگر اموات کی شرح میں کوئی کمی نہیں آ ئی ۔