کراچی (این این آئی) ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک کھلے خط کے ذریعے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ حالیہ دورہ امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو بھی اپنے ایجنڈہ میں شامل کریں، خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ میرے پیارے بیٹے عمران خان، اﷲ کے فضل ، میرے جیسی مظلوم مائوں کی دعائوں سے آپ وزیراعظم بن گئے ہو۔’’مجھے آپ کو یہ یاد دلانے کی ضرورت نہیں ہے کہ میں کس طرح تکلیف ، کرب میں مبتلا ہوں، کیونکہ پاکستان کی مظلوم قیدی بیٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو آپ بھی میری طرح یقینا سمجھتے ہیں،آپ سے اپنی بیٹی کو بچانے میں مدد کرنے کی درخواست کرتی ہوں،مجھے پوری امید ہے کہ آپ دورہ امریکہ میں نہ صرف عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرینگے بلکہ اس معاملہ کوحل کرینگے ،یہ اہم ترین مسئلہ ہے جوکہ دنیا پر یہ ثابت کریگا کہ اب ہم بیٹی بیچنے والے لوگ نہیں ، بھارت ایک دہشت گرد کو بچانے کے لئے ہر ممکن جدوجہد کرے گا کیونکہ وہ ان کا اپنا ہے ، امریکہ دوبارہ ریمنڈ ڈیوس جیسے قاتلوں کو واپس لے جائیگا ،کیا ہمیں اپنی معصوم بیٹی کے لئے کھڑے نہیں ہونا چاہئے ؟،میں آپ سب سے پوچھتی ہوں کہ کیا ایک مردہ ماں کو اپنی بیٹی کو گلے لگانے کی اجازت دو گے ۔خدارا! میری بیٹی کو واپس لے کر آئیں ، ایک موت سے ہمکنار ہوتی ماں آپ سے درخواست کررہی ہے ۔