اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92نیوزرپورٹ، اے پی پی)صدرمملکت عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پرخدمات اورقربانیوں کے اعتراف میں تینوں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو اعزازات تفویض کردیئے ، اعزازات پانے والوں میں پاک آرمی، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے 431 افسران اور جوان شامل ہیں،آئی ایس پی آرکے مطابق صدر مملکت کی جانب سے دو کو ستارہ بسالت،61 کو تمغہ بسالت، 42 کو امتیازی اسناد، 70 کو آرمی چیف کمانڈیشن کارڈ، 22 افسران کوہلال امتیاز ملٹری، 106 کوستارہ امتیازملٹری اور128 کوتمغہ امتیاز ملٹری تفویض کیے گئے ،ستارہ بسالت پانے والوں میں شہید حوالدارشعیب علی اور شہید لانس نائیک سید محمدعباس شامل ہیں، شہید کیپٹن عمر، شہید صوبیدار عابد ، شہید صوبیدار ریاض ،شہید صوبیدار شکیل تمغہ بسالت پانے والوں میں شامل ہیں۔صدرمملکت عارف علوی نے سول ایوارڈز2021کی منظوری دیدی،مختلف شعبوں میں 126پاکستانیوں اورغیرملکیوں کوسول ایوارڈزدیئے جائینگے ،حکومت نے چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن محمدنعیم کیلئے اعلی ترین سول ایوارڈنشان امتیازکااعلان کردیا،ویسٹ انڈیزکے سابق کپتان ڈیرن سیمی کوستارہ پاکستان،نامور اردو شاعر ن م راشد اور مجید امجد کیلئے نشان امتیاز ،نامور شاعرہ مصنفہ کشور ناہید کیلئے ہلال امتیاز، اداکارہ نیلو کے لیے ستارہ امتیاز،سرائیکی شاعر وادیب رفعت عباس ، سندھی شاعر وادیب ایاز گل ،بلوچی شاعروادیب ڈاکٹر فضل خالق، پشتو ادیب طاہر آفریدی ،اداکارشاہد اوردردانہ بٹ،اسماعیل تارا،منظورعلی مرزا،ساجدحسن کیلئے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کااعلان کردیاگیا،شہریار زیدی اور محمد علی سدپارہ کے لیے بھی صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کااعلان کردیاگیا،ڈاکٹر انیس ناگی، غنچی بی بی المعروف اداکارہ صائمہ نور،مومنہ درید قریشی، روبینہ مصطفٰی قریشی، اعجاز سرحدی، سجاد احمد اورسعید ہاشمی کے لیے تمغہ امتیاز کا اعلان کردیاگیا،حکومت پاکستان کی طرف سے سول ایوارڈز 23مارچ 2022کو دیئے جائیں گے ۔