پشاور(نیٹ نیوز) خیبر پختونخوامیں پہلی مرتبہ خواجہ سرا کو جرگہ ممبر منتخب کر لیا گیا۔پشاور پولیس کے اعلامیہ کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والی خواجہ سراء ثوبیہ خان کو پشاور میں تمام ڈی آر سیز کا ممبر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ ثوبیہ نے بات چیت کے دوران بتایا خواجہ سرا کمیونٹی کے مسائل اور تنازعات کے حل کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے مجھے ممبر بنانا احسن اقدام ہے ، ٹرانس کمیونٹی کے لئے ہر جگہ آوازااٹھاؤں گی اور خواجہ سراؤں اور پولیس کے درمیان پل کا کردار ادا کرونگی۔ ثوبیہ خان خواجہ سراؤں کے سماجی حقوق کے لیے کام کرتی ہیں اور اسی لئے ان کو پولیس اور خواجہ سراؤں کے درمیان بطور ڈی آرسیز ممبر اہم کردار ادا کرنے کے لیے چنا گیا ہے ۔انھیں پولیس میں بھرتی کیا گیا نہ ہی تنخواہ یا ماہانہ الاؤنس کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پشاور میں قائم ڈی آر سیز مرکز میں تعیناتی کا مقصد خواجہ سراؤں کے تحفظات کو دور کرنا ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے پشاور میں ڈی آر سیزمیں خواجہ سراؤں کو سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ کامیاب ہوا تو اس کو پورے صوبے میں توسیع دی جائے گی۔ایس ایس پی پشاور یاسر آفریدی نے کہا خواجہ سراوں کو تحفظ فراہم کرناہماری ذمہ داری ہے ۔