کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی وزارت اطلاعات کے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (PID) کی جانب سے خیبرپختونخوا میں اچانک اور بغیر کسی اطلاع کے اخبارات کے دفاتر، پرنٹنگ پریس ، اخبارات کے تقسیم کنندگان کے دفاتر اور سٹالوں پر چھاپوں سے اخباری اداروں، پرنٹنگ پریس کے عملے اور میڈیا کارکنان میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے اخباری ادارے انتہائی نا مساعد حالات سے دوچار ہیں لہٰذا اس موقع پر میڈیا سے تعاون اور ہمدردی کی بجائے اس قسم کے نا مناسب اقدامات قابل مذمت ہیں۔ ڈاکٹر جبار خٹک نے مزید کہا ہے کہ میڈیا اداروں اور اس سے منسلک مقامات پر چھاپوں کا مقصد بظاہر اخبارات کی سرکولیشن کی معلومات کا حصول ہے لیکن شدید ابتری کے دوران سرکولیشن اعداد و شمار درست ثابت نہیں ہونگے ۔ انہوں نے مذکورہ بالا حقائق کی روشنی میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز، وفاقی سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شہیرہ شاہد سے پرزور مطالبہ کیا کہ چھاپوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور میڈیا سے متعلق کسی بھی فیصلہ سازی سے سی پی این ای سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے بھرپور مشاورت کی جائے ۔