نیلم (صباح نیوز)مظفرباد وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے وادی نیلم کے حالیہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ جہاں فاروق حیدر نے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔وزیر اعظم کو انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کی بحالی کے لئے اب تک کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی ۔ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آخری شخص کی بحالی تک متاثرین کے ساتھ رہیں گے ۔روزانہ کی بنیاد پر بحالی و ریلیف کے کاموں کی رپورٹ لے رہا ہوں۔ حکومت، انتظامیہ اورا فواج پاکستان ملکر آپ کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ افواج پاکستان ، ریاستی پولیس اور مقامی افراد نے اس سانحے کے بعد امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں میں جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے ۔علاوہ ازیں رپورٹس کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے چین کی وزارت خارجہ کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے سلامتی کونسل کا بند کمرے میں کشمیر کے حوالے سے اجلاس اہم پیش رفت ہے ۔