لاہور،کرمانوالہ(خصوصی نمائندہ،نامہ نگار) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت صمصا م بخاری نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث سیاستدان ووٹوں نہیں نوٹوں کی وجہ سے گرفتار ہو رہے ہیں۔آخری کرپٹ کی گرفتاری تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اپوزیشن رہنما پریس کانفرنسیں کرنے کی بجائے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں اور عوام کو گمراہ کرنے کی روش ترک کر کے اپنا حساب دیں۔علاوہ ازیں کرمانوالہ نمائندہ کے مطابق انہوں نے ہیری ٹیج کالج کا افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سازشوں کے جال بننے والے مخالفین کو ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا موجود ہ حکومت ترقی کی منازلیں طے کرتی رہے گی مخالفین احتجاج کر کے موجودہ حکومت کا وقت ضائع نہ کریں۔ موجودہ حکومت نے انتہائی دانش مندی اور بہتر حکمت عملی سے دن رات کام کرتے ہوئے ملکی مسائل حل کیے انہوں نے کہا کہ ملک اب خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ۔