عبدالستار ہاشمی

بنگلادیش اور سری لنکا ایسی ٹیمیں ہیں، جو کبھی بھی آخری گیند پر میچ نہیں جیتیں

کرکٹ بے یقینی اور غیر متوقع نتائج کا حاصل کھیل ہے۔ اس میں کبھی بھی کچھ بھی رونما ہو سکتا ہے اور دیکھنے والے حیرت زدہ رہ جاتے ہیں۔ اس کھیل میںہلہ گلہ کے ساتھ ساتھ تھرلنگ بھی ہے۔ کئی مرتبہ بلے باز بے بس رہ جاتے ہیں اور باؤلر انہیں ایک رن نہیں بنانے دیتا اور یوں وہ میچ ہار جاتے ہیں، کئی مرتبہ بلے باز آگے بڑھ بڑھ کر ایسے چھکے جڑتے ہیں کہ باؤلر لائن اینڈ لینتھ ہی بھول جاتا ہے۔ بعض اوقات ایک فیلڈر پوری گیم کو بدل کے رکھ دیتا ہے۔ دلچسپی کا یہ عالم ہے کہ کئی ون ڈے میچز کا فیصلہ آخری گیند پر ہوتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے، جب آپ کی ساری تراکیب دھری کی دھری رہ جاتی ہیں اور ہار جیت آپ کے مقدر سے جڑ جاتی ہے۔ آئیے آپ کو پانچ ایسی ٹیموں کے حوالے سے بتاتے ہیں جنہوں نے کئی میچ آخری گیند پر اپنے نام کئے اور فتح پائی۔ یاد رہے کہ کرکٹ کی دنیا میں بنگلادیش اور سری لنکا ایسی ٹیمیں ہیں، جو کبھی بھی آخری گیند پر میچ نہیں جیتیں۔

 

زمبابوے اور انگلینڈ 3،3 مرتبہ

انگلینڈ نے 1977 میں پاکستان کو آخری گیند پر ہرا کر اس روایت کا آغاز کیا ہے۔ انگلینڈ نے دوسری مرتبہ 1986ء میں گراہم گوچ کی شاندار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو آخری گیند پر مات دی تھی اور 1993ء میں جے پور ون ڈے میں بھارت کو بھی انگلینڈ کے ہاتھوں ایسی ہی ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جہاں تک زمبابوے کا تعلق ہے تو وہ پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ سے جیتے تھے، جب ان کے کھلاڑی سٹریک نے آخری گیند پر وننگ سٹروک کھیلا تھا۔ اسی طرح 2006 میں بنگلادیش کو ہرایا تھا، جب فتح کی آخری شارٹ بریڈن ٹیلر نے کھیلی تھی اور پھر 2010 میں آئرلینڈ کو ہرایا تھا۔ یہ فتح رینز فورڈ کے نام رہی، جنہوں نے آخری گیند پر چھکا مارا تھا۔

 آسٹریلیا4مرتبہ

آسٹریلیا کو آخری گیند پر فتوحات سمیٹنے کا اعزاز 4 مرتبہ نصیب ہوا۔ 1978ء میں پہلی مرتبہ جیف تھامسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری گیند پر فتح حاصل کی تھی، پھر 1985 میں سٹیو رکسن نے انگلینڈ کو آخری گیند پر ہرایا۔ تیسری مرتبہ مچل بیون نے 78 رنز کی اننگز ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی۔ میچ اس قدر دلچسپ ہوا کہ بیون نے آخری گیند پر رنز پورے کر کے اپنے وطن کے لیے فتح حاصل کی۔ چوتھی مرتبہ یہ کارنامہ 2009 میں پاکستان کے خلاف انجام دیا۔

  نیوزی لینڈ اور پاکستان 5، 5 مرتبہ

دونوں ممالک نے پانچ پانچ مرتبہ آخری گیند پر فتح سمیٹی۔ نیوزی لینڈ نے 1998 میں زمبابوے کے خلاف، 2006 میں سری لنکا کے خلاف، 2008 اور 2009 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف جبکہ 2013 میں سری لنکا کے خلاف آخری گیند پر میچ کا نتیجہ اپنے حق میں کیا۔ پاکستان کا ذکر کیا جائے تو قومی ٹیم نے پہلی مرتبہ 1984ء میں ملتان میں نیوزی لینڈ کو  ہرایا تھا۔ پھر 1987 اور 1990 میں شارجہ اور لاہور میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کو ہرایا تھا۔ اس طرح 2000 اور 2006 میں برسبین اور احمد آباد کے ون ڈے میچز میں بھارت کو یہ تکلیف پہنچائی اور آخری گیند پر فتح کا رُخ اپنی طرف موڑ دیا تھا۔

 ویسٹ انڈیز 6 مرتبہ

ویسٹ انڈیز نے یہ کارنامہ چھ مرتبہ انجام دیا۔ 1980 میں کراچی میں پاکستان، 1990 میں کنگسٹن میں انگلینڈ، 2001 اور 2002 میں جنوبی افریقہ اور جمشید پور میں بھارت کو جبکہ 2008 میں سری لنکا کو آخری گیند پر چت کر دیا تھا۔

جنوبی افریقہ 7 مرتبہ

جنوبی افریقہ نے 1992 میں اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل  میچ کھیلا تھا اور اس کی تاریخ میں 7 ایسے میچز ہیں، جہاں قسمت نے ان کا ساتھ دیا اور آخری گیند پر میچ جنوبی افریقہ کی جھولی میں جاگرا۔ سب سے پہلے 1999 میں ویسٹ انڈیز کو جہانسبرگ میں اور نیوزی لینڈ کو پنٹر میں ہرایا تھا۔ پھر 2002 میں کیپ ٹاؤن میں نیوزی لینڈ اور کولمبو میں ویسٹ انڈیز کو ہرایا۔ 2007 اور 2013 میں ڈرین اور ہمبانٹوٹا میں نیوزی لینڈ کو ہرایا، جبکہ 2010 میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز جنوبی افریقہ سے آخری گیند پر مات کھا گئی۔