کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رحجان غالب رہا۔پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہونے اور ایکسٹرنل اکائونٹ بحران ختم ہونے کی اطلاعات نے سرمایہ کاری کے تمام شعبوں کا اعتماد بڑھایا جب کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی مستقبل میں معیشت کی بہتری کی پیشگوئیاں بھی مارکیٹ کی سرگرمیوں پراثرانداز ہوئیں۔سٹیٹ بینک کی روشن پاکستان سکیم سے ترسیلات زر کی آمد مزید بڑھنے کی توقعات جیسے عوامل نے کیپٹل مارکیٹ کے گراف کو بلندی کی جانب گامزن کیا، ہفتے وار کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں نے پر اعتماد انداز میں آئل گیس ایکسپلوریشن، سیمنٹ، سٹیل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے زیادہ دلچسپی لی ، ہفتے وار کاروبار میں تیزی سے انڈیکس کی 41000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال ہوگئی، ہفتے کے 5روزہ کاروبار میں 4 سیشنز میں تیزی رہی، شہر میں طوفانی بارشوں کے بعد انٹرنیٹ موبائل فونز اور لینڈ لائنز کی خدمات معطل ہونے سے اختتامی ایک سیشن میں مندی رہی، مجموعی طور پر تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں2کھرب 49ارب 11کروڑ 8لاکھ 39ہزار 166روپے کا نمایاں اضافہ ہوا،مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 76کھرب 10ارب 31کروڑ 75لاکھ 59ہزار 674روپے ہوگیا، ہفتے وار کاروبار میں کے ایس ای 100 انڈیکس1434.63 پوائنٹس بڑھ کر 41056.22 پوائنٹس پربند ہوا ، کے ایس ای 30انڈیکس 566.93 پوائنٹس بڑھ کر 17695.40 پوائنٹس پربند ہوا، کے ایم آئی 30انڈیکس 1597.60 پوائنٹس بڑھ کر 65322.37 پوائنٹس پربند ہوا ، کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 777.25 پوائنٹس بڑھ کر 20270.30 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔