اسلام آباد (ذیشان جاوید) اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے 5 برآمدی شعبوں کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ فنانس ڈویژن رواں مالی سال 2019-20ء کیلئے پاور ڈویژن کو سبسڈی کی مد میں 23 ارب روپے جولائی کے پہلے ہفتے میں جاری کریگی۔ روزنامہ 92 نیوز کے پاس محفوظ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 5برآمدی شعبوں کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کیلئے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا۔ ان شعبوں میں ٹیکسٹائل، سپورٹس گڈز مینوفیکچررز، سرجیکل آلات ساز، گارمنٹس اور قالین بافی کی صنعت شامل ہیں۔ وزارت توانائی (پار ڈویژن) سے جاری نوٹیفکیشن نمبر PF 05(02) 2020 کے مطابق پانچوں برآمدی شعبوں سے متعلقہ صنعتوں کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت12.41روپے ( 7.5 امریکی سینٹ کے مساوی) مقرر کی گئی ہے ۔ جب کہ استعمال کردہ بجلی پر ٹیکسز اس قیمت میں شامل نہیں ہو نگے وہ صنعت کار کو بجلی کی قیمت کے علاوہ بل میں ادا کرنے ہو نگے ۔ برآمدی شعبوں کیلئے بجلی کی مقرر کردہ اس قیمت کا اطلاق گزشتہ سال یکم جنوری 2019 ئسے 26 مارچ 2020ء تک استعمال کردہ بجلی پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جنوری 2019 ئسے مارچ 2020 ئتک پانچوں برآمدی شعبوں کی استعمال کردہ بجلی پر بجلی سر چارج، نیلم جہلم سرچارج، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ، ایف سی سی اور سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ادا کردہ رقم بجلی کی اصل قیمت میں بتدریج شامل کرتے ہوئے برآمدی شعبے کو ریلیف مہیا کیا جائیگا۔ نو ٹیفکیشن کے مطابق فنانس ڈویژن وزارت توانائی پاور ڈویژن کو گزشتہ مالی سال 2019-20ء کیلئے سبسڈی کی مد میں 23 ارب روپے رواں سال جولائی کے پہلے ہفتے میں ادا کریگا۔ ان 23 ارب روپے میں سے 14 ارب روپے بجٹ میں گیس سیکٹر کیلئے مختص 24 ارب روپے میں سے ادا کیے جائینگے جبکہ بقایا 9 ارب روپے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں سیونگ کی مختلف سکیموں کے فنڈز میں سے ادا کیے جائینگے ۔گیس سیکٹرکیلئے مختص 24 ارب جو کہ کم کرکے 17 ارب کر دیئے گئے تھے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی مختلف بچت سکیموں سے حاصل کرتے ہوئے دستیابی کی بنیاد پر رواں مالی سال کے آخر تک ادا کر دیئے جائینگے ۔ جبکہ آئندہ مالی سال 2020-21ء کیلئے گیس سیکٹر کوسبسڈی کی مد میں 24 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئندہ مالی سال 2020-21 ئمیں ان5 برآمدی شعبوں کو ریلیف پیکیج کی مد میں 20 ارب روپے مختص کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری د یدی گئی۔ یاد رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ کی11تاریخ کوہوا تھا جس میں5 برآمدی شعبوں کو خصوصی ریلیف پیکج دینے کی منظوری دی گئی تھی۔