کوئٹہ، پارہ چنار (صباح نیوز، نمائندہ 92 نیوز ) بلوچستان کے ضلع خضدار اور کیچ میں 2 مختلف آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، خضدارکی تحصیل نال کے علاقے بندرنگ گریشہ میں پہاڑی مقام پر کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر حساس اداروں نے آپریشن کیا، فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو مسلح ارکان سے جھڑپ ہوئی، کئی گھنٹوں کی فائرنگ کے بعد 3 دہشت گرد مارے گئے ، اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا، حکام کے مطابق ملزمان عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔دوسری جانب کیچ میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 2دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آپریشن تربت سے تقریبا 130کلومیٹر دور بالگتر میں کیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت بالگتر کے رہائشی محمد اکبر اور آواران کے رہائشی نور اﷲ کے نام سے ہوئی، ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ، ایک سنائپر رائفل اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ پاراچنارکے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ و بارودی مواد برآمد کرلیا گیاہے ، ڈی پی او ضلع کرم رحیم شاہ نے میڈیا کو بتایا خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ کراخیلہ روڈ پر ویرانے میں کچھ بارودی مواد چھپایا گیا ہے ، پولیس نے تلاش کیا تو جھاڑیوں سے ایک کریٹ برآمد ہوئی جس میں سے 4عدد آر پی جی راکٹ گولے ،ایک عدد فیوز، ایک عدد مشین گن،2عدد دھماکہ خیز مواد،2عدد آئی ڈیز برآمد ہوئے ۔ کوہاٹ میں دہشتگردی اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت 20 سے زائد مقدمات میں انتہائی مطلوب اشتہاری مجرم زری محمد عرف ددی نے ہتھیار ڈال کرسرنڈر کرلیا ، ددی گروپ کے سرغنہ زری محمد نے روپوش دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ گرفتاری دی ، زری 19 سال سے روپوش تھا ، اس کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی، اس کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ لے لیا گیا۔