مکرمی! ویسے تو آج کل موسم سرد ہے مگر سیاسی موسم بہت ہی گرم ہے۔ اپوزیشن اب کی بار باتوں سے آگے بڑھ کر عملی طور پر حکومت کے خلاف میدان میں آگئی ہے جبکہ مہنگائی ، بھوک اور بدحالی کی ماری عوام تو پہلے سے ہی حکومت کی پالیسوں سے عاجز آچکی تھی جس کو حالیہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک نے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ اس لیے اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے یا پھر چلتا کرنے کا آدھا کام تو ہو ہی گیا ہے کیونکہ حکومت مخالف تحریکوں میں سب سے بڑا مسئلہ عوام کا ہوتا ہے اور وہ اپوزیشن کا مسئلہ حکومت وقت نے اپنی غلط پالیسیوں، مہنگائی اور انتظامی نااہلی کی صورت میں حل کر دیا ہے۔ اس لیے اب کی بار دھرنا ہوچاہے جلسہ جس کا بھی ہوگا اگر عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر خود ہی بن بلائے مہمان کی طرح آجائیگا۔دیکھا جائے تو ماضی قریب میں اپوزیشن نے کئی بار ایسی تحریکوں کا آغاز کرکے پھر سیاسی مفادات حاصل کرنے کے بعد عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ اس سے پہلے کہ عوام اپوزیشن کے ایک بار پھر فریب میں آئیں بہتر ہو گا حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے موثر اقدامات کرے ۔ آٹا چینی سمت ضروریات زندگی کی قیمتیں کنٹرول کرے تاکہ اپوزیشن کو عوام کو بھڑکانے کا موقع نہ مل سکے۔ (اعجاز بھیو-کندہکوٹ)