اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی؍صباح نیوز)امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان پر امریکی سفارتخانے نے اعلامیہ جاری کر دیا۔امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ زلمے خلیل زاد نے 2 جون کو پاکستان کا دورہ کیا اور افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستان کی قیادت سے گفتگو کی۔زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ آفتاب کھوکھر سے ملاقاتیں کیں۔پاکستانی حکام نے افغانستان میں پائیدار امن اور بہتر تعلقات کے فوائد پر بات چیت کی۔دونوں ممالک خطے میں روابط، تعاون اور امن سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکہ خطے میں قیام امن کیلئے ہر طرح کی حمایت کے لئے تیار ہے ۔امریکہ نے پاکستان کی افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو سراہا ہے ۔دفتر خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکہ امن عمل میں پاکستان کے کلیدی کردار کا معترف ہے ۔ پاکستان کیساتھ مزید ممکنہ مثبت اقدامات اورامریکہ کے ساتھ تعلقات کی بہتری پر بھی بات چیت ہوئی۔زلمے خلیل زاد نے کہاپاک، افغان بہتر تعلقات درحقیقت دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہیں۔امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا امریکہ پاک، افغان وسیع تر تعاون میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے ۔