کراچی (کلچرل رپورٹر) خلافت تحریک کی کہانی پر مبنی فلم "گواہ رہنا "کی عکس بندی گوجرانوالہ میں تیزی سے جاری ہے ۔ فلم کے پہلے مرحلے میں اداکارہ غنا علی، قوی خان، رابعہ کلثوم ،عماد عرفانی، ریحان ناظم اورترکش اداکار مرٹ سسمنلر اپنا کام عکس بند کروارہے ہیں ۔ فلم کو آئندہ سال مارچ 2020 میں پاکستان، ترکی سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ فلم کے ہدایتکار و رائٹر طاہر محمود ہیں جبکہ پروڈیوسر کاشف اسماعیل ہیں ۔ فلم کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی کردار ادا کرنے والی فنکارہ غنا علی نے کہا کہ فلم میں کام کرکے ایک نیا تجربہ ہورہا ہے 1920 کے تاریخی پس منظر پر مبنی فلم میں کام کرکے ایسا لگ رہا ہے کہ اسی دور میں فلم بنائی جارہی ہے ۔ فلم میں ترک عوام کی جانب سے تاریخی خلافت اور سامراجی قوتوں کے خلاف جدوجہد کو دکھایا جائے گا جبکہ فلم میں تحریک آزادی کے بہادر ہیروز کے ساتھ ساتھ بہادر ترک قوم کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔