پشاور(تیمور خان) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور سابق وزرا کے مابین جاری سیاسی تنازع حل کرانے کیلئے بیشتر شخصیات کردار ادا کرر ہی ہیں،کئی مرکزی رہنماؤں کی کوشش ہے کہ عاطف خان کے موقف کو سنا جائے جو ان کی ملاقات عمران خان سے کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی نظریاتی رہنما بھی سابق سینئر صوبائی وزیر کے حق میں ہیں اور وہ معاملے کو افہام وتفہیم کے ساتھ حل کرنا چاہتے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے بھی پارٹی پر پریشر بڑھ رہا ہے جس کے بعد کوئی نہ کوئی راستہ نکلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق برطر ف وزراء عاطف خان، شہرام ترکئی ،شکیل خان ،ان کی حمایتوں اور حکومت کے مابین مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات سپیکر مشتاق غنی ،صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی و دیگر ارکان کررہے ہیں ، وفاق میں بیٹھے بھی کئی افراد سرگرم ہوگئے جو معاملے کو مزید بگڑنے سے بچا رہے ہیں ، برطرف وزرا کا رویہ بھی جارحانہ نہیں ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے مایوس ہونے کے بعد معاملات مزید بگڑ سکتے ہیں ۔عاطف خان اور ان کا گروپ آئندہ کا لائحہ عمل طے کر ے گا اور وہ حکومت کے خلاف اندرونی معاملات کو باہر لائیں گے تاہم اس وقت حالات بہتری کی طرف جانے کا امکان ہے ،ذرائع نے بتایا کہ معاملہ وزیر اعظم کے بغیر حل نہیں ہوسکتا، سابق صوبائی وزرا کی کوشش ہے کہ معاملے کو حل کرکے انہیں دوبارہ وزارتیں دی جا ئیں ۔عاطف خان مرکز میں نظریاتی رہنماؤں سے رابطوں میں ہیں تاکہ کسی نہ کسی طریقے سے وزیر اعظم سے ملاقات ہوسکے ۔