اسلام آباد (خبرنگارخصوصی،وقائع نگار،صباح نیوز) صدرمملکت عارف علوی نے کہاہے کہ ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے سے مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں اضافہ ہوگا، دنیاکی تاریخ میں اسلام نے پہلی بارخواتین کووراثت کا حق دے کر انہیں بااختیاربنایا ،انگلینڈمیں بیسویں صدی تک خواتین کووراثتی اورمالیاتی حقوق نہیں ملے تھے ۔گزشتہ روزصدرمملکت نے یہاں ایوان صدرمیں سٹیٹ بینک کی جانب سے مالی شمولیت میں خواتین کی شرکت میں اضافے کیلئے ’’مساوی بینکنگ پالیسی‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کہاکہ خواتین کو مالی طور پرمضبوط بنائے بغیر بااختیا ر نہیں بنایا جا سکتا۔ دورجدید کے تقاضوں کے مطابق اقدامات کرنا ہوں گے ، صدرنے کہاسٹیٹ بینک اوردیگربینکوں نے 2023 تک خواتین کے بینک اکائونٹس کی تعدادمیں اضافے کا جو ہدف مقررکیاہے وہ خوش آئند ہے ۔ گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹررضاباقر نے کہاکہ سٹیٹ بینک پسماندہ اورکم ترقی یافتہ علاقوں میں مالی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خواتین کی مالی شمولیت میں اضافہ کیلئے اقدامات کررہاہے ، ۔ڈپٹی گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹرسیماکامل نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کو مالی اوراقتصادی طورپربااختیاربنانے کے حوالہ سے یہ تاریخی دن ہے ۔تقریب میں دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیف ایگزیکٹوآفیسرریحان شیخ نے بھی خطاب کیا۔ صدر کی اہلیہ ثمینہ علوی، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمان اورمختلف بینکوں کے سربراہان اورسی ای اوز نے شرکت کی۔ دریں اثناصدر مملکت سے وفاقی محتسب خواتین برائے انسدادہراسیت کشمالہ طارق نے ملاقات کی اوراپنے ادارے کی 2019-20 کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔