لاہور(خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر ترقی خواتین آشفہ ریاض کی زیر صدارت پاکستان کی مشہور شخصیات پر مشتمل پانچ رکنی ایڈوائزری کمیٹی کے دوسرے اجلاس کا انعقادہوا۔وزیر ترقی خواتین آشفہ ریاض نے کہا کہ خواتین کو ان کے حقوق سے متعلق میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ہمارا مقصد لوگوں میں انتہا پسندانہ معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے ۔سیکرٹری ترقی خواتین ارم بخاری نے بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایاکہ تھیٹر کے ذریعے دیہاتوں میں ہلکے پھلکے انداز سے عورت کے حقوق سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔اس موقع پرصوبائی وزیر نے مزید کہاکہ کیمپین کا آغازکرنے کیلئے ادبی تحاریر،ڈرامہ سیرلز ریڈیو،پاکستان ٹیلی وژن،تھیٹر اور مختلف پروگرامز سے متعلق ابتدائی سطح پر ہوم ورک کیا جارہا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ آگاہی مہم انسان دوست پالیسی کے تحت چلائی جائے گی جس میں مردو عورت کو یکساں اہمیت دی جائے گی۔