اسلام آباد(عمرانہ کومل)وزارت انسانی حقوق نے خواجہ سراؤں کے حقوق کے ایکٹ پر عملدرآمد کیلئے اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے 30خواجہ سراؤں پر مشتمل کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ سراؤں کو حقوق، تحفظ، بنیادی ضروریات و معاشی مسائل کے حل کیلئے وزارت انسانی حقوق سنجیدہ اقدامات اٹھانے اور انکے حقوق کیلئے ٹھوس قانون سازی کیلئے تجاویزپر خواجہ سراؤں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ، اس ضمن وزارت کی جانب سے قومی کمیٹی برائے عملدار خواجہ سرا ایکٹ ومشاورت خصوصی قانون سازی قائم کی گئی ہے جسکی کوآرڈی نیٹر سمیت 6رکنی بورڈ پر مشتمل جبکہ کمیٹی اراکین کی تعداد 30ہے ۔ مرکزی کوآرڈی نیٹر خواجہ سراؤ ں کی رہنما،ماہر تعلیم و سماجیات عائشہ مغل ہیں جبکہ اسلام آباد سے سابق امیدوار برائے این اے 53 و سماجی رہنما ندیم کشش ، خیبر پختونخوا سے فرزانہ جان، بلوچستان سے کومل، سندھ سے بندیا، پنجاب سے ببلی ملک کمیٹی کے مرکزی کور گروپ میں شامل ہیں جو اپنے اپنے صوبوں سے تعلق رکھنے والے کمیٹی کے دیگر 24اراکین کی مشاورت اور تعاون سے اپنے اپنے صوبوں میں مذکورہ ایکٹ پر مؤثر عملدار کیلئے متعلقہ سوشل ویلفیئر، صحت، تعلیم و پولیس محکمہ جات سمیت سماجی تنظیموں کے اشتراک سے خصوصی تقاریب، سیمینار،ریلیوں اور پبلک فورمز کا انعقاد کر کے مذکورہ قانون کے بارے میں آگہی دیں گے اور مشاورت کرتے ہوئے تجاویز و مسائل سے کمیٹی کی چیئرپرسن وزارت انسانی حقوق کی سیکرٹری رابعہ جویری آغا کو رپورٹ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق قومی سطح پر بہت جلد خواجہ سراؤں کے حقوق کیلئے خصوصی قانون سازی کیلئے مذکورہ کمیٹی کی مشاورت کے بعد بہت جلد مسودہ اسمبلی میں پیش کیا جائیگا۔