سیالکوٹ،پشاور، کراچی (ڈسٹرکٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں،وقائع نگار )مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اور ان کی اہلیہ مسرت آصف ،ن لیگ کے سابق رکن اسمبلی کے مقروض نکلے ۔ اثاثہ جات فارم میں خواجہ آصف اور ان کی اہلیہ نے بتایاہم نے سابق ایم پی اے ارشد وڑائچ سے 4 کروڑ 47 لاکھ 20 ہزار 360روپے ادھار لیے ، خواجہ آصف کے زیر استعمال فرنیچر اور دیگر اشیا کی قیمت 16 لاکھ 50 ہزار ہے اور مختلف بنکوں میں 3 کروڑ 33 لاکھ 15 ہزار 524 روپے ہیں، ذاتی ضرورت کے لیے ان کے پاس 51 لاکھ 97 ہزار 88 روپے ہیں،خواجہ آصف ایک مہران کار اور ہائبرڈ گاڑی کے مالک اور ان کا سیالکوٹ اور ڈی ایچ اے لاہور میں گھر ہے ، مسرت آصف کے پاس 90 تولہ سونا ہے جس کی مالیت 9 لاکھ ہے اور انہوں نے قرض حاصل کرکے 10مقامات پر50کنال کے زرعی پلاٹ خرید رکھے ہیں۔ سابق صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اﷲ بٹ نے اثاثہ جات فارم میں پانچ مرلہ کا آبائی گھر ظاہر کیا جس میں تمام بہن بھائی حصہ دار ہیں، ان کی ٹرنک بازار سیالکوٹ میں ایک دکان ہے جس کی مالیت 80ہزار روپے ہے ۔منشاء اﷲ بٹ کے چار بنک اکاؤنٹس میں25لاکھ 56ہزار670 روپے ہیں ۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ سال 3لاکھ 16ہزار 500روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ایئرلنک کیمونیکشن میں ایک کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی، وہ 8لاکھ روپے کی گاڑی اور12لاکھ80ہزار روپے کے طلائی زیورات کی مالک ہیں، مختلف بنکوں میں ان کے 47لاکھ51ہزار824روپے ہیں ، انکے زیر استعمال فرنیچر اور سازو سامان کی مالیت 7لاکھ روپے ہے ۔چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب شیر پاؤ بھی کروڑ پتی ہیں، ان کے اثاثوں کی کل مالیت نو کروڑ انتالیس لاکھ چار ہزار سے زائد ہے ، وہ پینتیس لاکھ کی لینڈکروزر کے مالک بھی ہیں ،دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں تیرانوے لاکھ مالیت کا بنگلہ اور تیس ہزار روپے کے طلائی زیوارات بھی ان کی ملکیت ہیں۔آفتاب شیر پاؤ کی اہلیہ کے اثاثے شوہر سے بھی زیادہ ہیں، بیگم شیر پاؤ کے اثاثہ جات کی مالیت 9 کروڑ 72 لاکھ سے زائد ہے ۔خیبرپختونخوا کے سابق وزراء شاہ فرمان اور ضیاء اﷲ آفریدی بھی کروڑ پتی سیاستدانوں کے کلب میں شامل ہوگئے ۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں شاہ فرمان نے ایک کروڑ 64لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کئے ہیں۔وہ پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں 70 مرلے زمین ، حیات آباد میں 2 کنال گھر اور22 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی کے مالک ہے ،ان کے بینک اکاؤنٹ میں 32 لاکھ روپے ہیں جبکہ 13 لاکھ روپے مالیت کے زیوارات بھی اثاثوں میں شامل ہیں، شاہ فرمان کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں 2 لاکھ 84 ہزار روپے ہیں۔تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں جانے والے سابق وزیر معدنیات ضیاء اﷲ آفریدی3 کروڑ بانوے لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہیں، آٹھ کروڑ روپے کا بینک اکاؤنٹ بھی ہے ،ان کے پاس ایک کروڑ اکیس لاکھ کا ایک پلاٹ اور بیس لاکھ کا دوسرا پلاٹ ہے ، پچاس لاکھ کی ایک دکان اور نو لاکھ کی گاڑی کے بھی مالک ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے اثاثوں کی مالیت 29 لاکھ روپے ہے ۔ان کے نام 3 بینک اکاؤنٹس جبکہ ایک اکائونٹ ان کی اہلیہ اور ایک بیٹے کے نام پر ہے ، مجموعی طور پر ان کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 18 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود ہے ، اس کے علاوہ ساڑھے 4 تولے زیور، 12 کنال مشترکہ زمین ہے ۔ امیر جماعت اسلامی ضلع دیر میں ایک نجی اسکول میں حصے دار بھی ہیں تاہم ان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں،سراج الحق کا بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں، وہ بینک ڈیفالٹر بھی نہیں۔متحدہ کے رہنما رؤف صدیقی سعودی عرب میں کاروبارکے مالک اور وہاں سے 4 لاکھ تنخواہ لیتے ہیں،سعودی عرب میں ایک کروڑ بیس لاکھ کے اثاثے ظاہر کئے ،وہ اس کے علاوہ کراچی میں دو جبکہ گرین ٹاؤن راولپنڈی میں ایک پلاٹ کے مالک ہیں، تینوں پلاٹوں کی قیمت 28 لاکھ ظاہرکی گئی ہے ،ان کے پاس پاکستان میں ٹویوٹا وی ایٹ جبکہ سعودی عرب میں فورڈ جیپ ہے جن کی مجموعی مالیت 26 لاکھ ظاہر کی گئی ،ا ن کے پاس مختلف بینکوں میں15 لاکھ روپے ہیں۔